April 19th, 2024 (1445شوال11)

حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی جدوجہد ظلم کے خلاف سینہ سپر ہونے کا ابدی پیغام ہے: سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی

حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی نے 10 محرم الحرام یوم عاشور  کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی جدوجہد ظلم کے خلاف سینہ سپر ہونے کا ابدی پیغام ہے محرم الحرام ہمیں قربانی اور حق و سچ پر کھڑے رہنے کا درس دیتا ہے ،اس ماہ کے دوران تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام و مشائخ عظام کو بھائی چارے ، مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ خاندان نبوت صہ اور حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کا صبر و رضا، اعلائے کلمۃاللہ، جرات واستقامت اور حق کے لئے ہر باطل قوت سے ٹکرا جانا ایک ایسا کردار ہے جس نے تاریخ میں امت مسلمہ اور ایمانی جذبوں کو زندہ جاوید کر دیا ہے۔  معرکہ کربلا حق و باطل کی کشمکش ہے جو آج بھی جاری ہے، حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی لازوال قربانی ،ثابت قدمی اور استقامت کی یہ مثال ہمارے لئے مشعلِ راہ ہے۔  انہوں نے مزید کہا کہ امام عالی مقام اور اہل بیت کی قربانیوں کا سب سے بڑا درس یہ ہے کہ ذاتی جذبات و خواہشات اور مفادات کو کسی بھی عظیم مقصد کے حصول کے لیے قربان کردیا جائے، آج کے حالات میں جب وطن عزیز بیرونی دباؤ کا شکار ہے اور چاروں طرف سے دشمن قوتوں کے گھیرے میں ہے ان حالات میں ہمارا فرض ہے کہ داخلی طور پر رواداری اور پرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر عمل کیا جائے اور امت میں انتشار پھیلانے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیا جائے یہی وقت کی ضرورت  ہے ۔ دردانہ صدیقی نے کہا  ہمیں چاہیے کہ ہم ہر دور میں سچ اور انصاف کا ساتھ دیں دین اسلام کے جن اصولوں کی خاطر حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور آل رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے شہادت پیش کی ان اصولوں کی علمبرداری کے لئے ہم بھی کسی قربانی سے دریغ نہ کریں۔