July 16th, 2026 (1448محرم30)

پر امن لانگ مارچ کو روکنا حکومتی فسطائیت ہے‘ڈاکٹر حمیرا طارق

حق دو بلوچستان تحریک کے پر امن لانگ مارچ کے شرکا کو طاقت کے بل بوتے پر روکنا ، شدید گرمی و پیاس سے نڈھال 11کارکنان کی گرفتاری حکومت پنجاب کی فسطائیت کا منہ بولتا ثبوت ہے،جماعت اسلامی حلقہ خواتین اس غیر جمہوری اقدام کی شدید مذمت کرتی ہے۔ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے ایک مذمتی بیان میں کیا۔ انہوں نے مذید کہا کہ حق دو بلوچستان تحریک،بلوچستان کے مظلوم عوام کے دل کی آواز ہے، اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانا اور احتجاج کرنا ہر پاکستانی شہری کا قانونی و آئینی حق ہے۔سابقہ رکن صوبائی اسمبلی بلوچستان اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے کہا کہ دنیا کا کوئی قانون کسی بھی حکومت کو یہ اختیار نہیں دیتا کہ وہ پر امن جدوجہد کو طاقت کا استعمال کرتے ہوئے روکے جبکہ مولانا ہدایت الرحمن خود بلوچستان اسمبلی کے منتخب رکن ہیں، انہیں اور ان کے ساتھیوں کو گرفتار کرنا غیر جمہوری و غیر پارلیمانی اقدامات ہیں، جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔