حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان، ضلع جنوبی لاہور کے تحت “زی کنیکٹ” پروگرام کے سلسلے میں اسپورٹس گالا 2025 کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ اس اسپورٹس گالا میں دی پنجاب اسکول سمیت مختلف سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کی طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ پروگرام کے دوران طالبات کے لیے صحت مند، دلچسپ اور متنوع کھیلوں کے مقابلہ جات منعقد کیے گئے، جن میں شرکاء نے غیرمعمولی جوش و خروش اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا۔
اسپورٹس گالا 2025 کی مہمان خصوصی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق اور ڈپٹی سیکرٹری و ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید تھیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ
اسپورٹس گالا پروگرام کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو مثبت، متحرک اور بامقصد سرگرمیوں سے جوڑنا ہے۔ کھیل صرف جسمانی صحت ہی کا ذریعہ نہیں بلکہ یہ نظم و ضبط، ٹیم ورک، خوداعتمادی اور قائدانہ صلاحیتوں کو پروان چڑھاتے ہیں۔ ایک صحت مند جسم ہی صحت مند سوچ اور مضبوط کردار کی بنیاد بنتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہماری طالبات ہر میدان میں متوازن، بااعتماد اور باکردار شہری بن کر ابھریں، اور اسپورٹس اس سفر کا ایک ناگزیر حصہ ہیں۔
ڈپٹی سیکرٹری و ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید نے کہا کہ جے آئی یوتھ کے پلیٹ فارم کے ذریعے ہم نوجوانوں کو صحت مند تفریح، مثبت مقابلے اور تعمیری سوچ کی جانب راغب کر رہے ہیں۔ اسپورٹس گالا جیسے پروگرام طالبات کو منفی رجحانات سے محفوظ رکھتے ہوئے ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔
تقریب کے دوران مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوئے، جن میں طالبات نے بھرپور دلچسپی اور مہارت کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر مہمانانِ خصوصی ڈاکٹر حمیرا طارق اور ثمینہ سعید نے مختلف کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ علاوہ ازیں قرعہ اندازی کے ذریعے ایک خوش نصیب طالبہ کو سکوٹی کا تحفہ بھی پیش کیا گیا
