April 18th, 2024 (1445شوال9)

کامل اسلام کا نفاذ ہی دعوت دین کی کامیابی کی کلیدہے‘ عطیہ نثار

 جماعت اسلامی خواتین صوبہ سندھ کی ناظمہ عطیہ نثار نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت 10فروری تا 28فروری ’’اصلاح معاشرہ مہم ‘‘ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دعوت دین کی کامیابی کی کلید کامل اسلام کا نفاذ اوربندوں پر بندوں کی حکمرانی کے بجائے اللہ کی حکمرانی ہے،قوت ایمانی روز اول ہی سے امت مسلمہ کا اثاثہ ہے ،جس سے دشمن خائف ہے اور مسلم امہ کی بیداری و قوت ایمانی کو زائل کرنے کے لیے مختلف جہتوں سے برسر پیکار ہے۔ عطیہ نثار نے مہم کو وقت کی عین ضرورت قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ اسلامی اقدار،روایات،لباس زبان و اخلاق کو نشانہ بناتے ہوئے کوشش کی جارہی ہے کہ مغربی و ہندووانہ ثقافت کو پھیلا کر مسلمانوں کوبے ضمیری‘مادہ پرستی و مفاد پرستی ا ور بے حیائی میں مبتلا کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان کی ذمے داری ہے کہ معاشرے میں انفرادی واجتماعی اصلاح کو بیدار کریں، بڑھتی ہوئی بے راہ روی کو کنٹرول کرنے اور نوجوان نسل میں مثبت رویوں کو فروغ دینے کے لیے کام کیا جائے۔وطن عزیز میں پے در پے سانحات سے بچنے کے لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ’’ اصلاح معاشرہ مہم‘‘ کے تحت معاشرتی برائیوں کی اصلاح کے لیے بنیان مرصوص بن کر جدو جہد کی جائے اور درپیش سانحات ، اخلاقی زوال پذیری اور جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح سے محفوظ ہوا جائے ۔انہوں نے کہاکہ کارکنان اورذمے داران انفرادی واجتماعی دائروں میں آگاہی پھیلائیں ،گھر گھر ملاقاتیں کریں اور مؤثر رابطو ں کے ذریعے شعور و آگہی عام کریں ۔