March 5th, 2026 (1447رمضان16)

سیلاب بھارت کی آبی جارحیت کا نتیجہ ہے‘ڈاکٹر حمیرا طارق

سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ سیلاب اگرچہ ایک آزمائش ہے لیکن پہلے سے بہتر انتظامی معاملات موجود ہوں تو آفت زدہ صورتحال سے نمٹنے میں آسانی رہتی ہے، جماعت اسلامی سیلاب سے بے گھر ہونے والے افراد کا مقدمہ ان کے ہمراہ لڑے گی، ان کی دوبارہ آباد کاری تک جماعت اسلامی چین سے نہیں بیٹھے گی، سیلاب بھارت کی آبی جارحیت کا نتیجہ ہے، حکومت پاکستان انتظامی امور کو بہتر بنالیتی تو اتنی تباہی نہ آتی۔ وہ لاہور، چوہنگ اور مانگا منڈی میں الخدمت خیمہ بستیوں کے دورے کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کررہی تھیں۔ ڈپٹی سیکرٹری اور ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید بھی ان کے ہمراہ تھیں۔خواتین قائدین سیلاب متاثرین سے ملیں اور ان کے بھاری مالی نقصان پر دلی ہمدردی اور دکھ کا اظہار کیا اور انہیں ہر ممکن مدد اور تعاون کا یقین دلایا ،اس موقع پر انہوں نے متاثرین کو امیر جماعت اسلامی کی طرف سے ہر ممکن مدد اور تعاون کی یقین دہانی پر مبنی پیغام بھی پہنچایا ۔ ڈاکٹر حمیرا طارق نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ حکمرانوں نے بھارتی آبی جارحیت روکنے کے لیے عالمی سطح پر مؤثر آواز بلند نہیں کی، اگر حکمران عالمی عدالت سے رجوع کر کے بروقت مقدمہ لڑتے تو آج سیلاب سے اتنے بڑے پیمانے پر تباہی نہ ہوتی۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ سابق حکومتوں نے غیر قانونی سوسائٹیز کواین او سیز جاری کیے جس کے نتیجے میں لاہور اور دیگر مقامات پر ہزاروں کی تعداد میں دریا کے راستے میں رہائش پذیر لوگ بے گھر ہوگئے۔ متوسط طبقات کے افراد نے عمر بھر کی جمع پونجی سے گھر بنائے جو پانی کی نذر ہوگئے ہیں۔ یہ حکمرانوں کے لیے بھی ڈوب مرنے کا مقام ہے۔سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت کے کارکنان و رضا کاران متاثرہ افراد کی بھرپور خدمت کررہے ہیں۔ الخدمت متاثرین کی عزت نفس مجروح کیے بغیر کھانا، عارضی رہائش اور دیگر ضروریات زندگی بروقت مہیا کر رہے ہیں ، الحمداللہ ہماری خواتین رضا کار سیلاب زدہ خواتین کی تیمار داری میں مصروف ہیں، بچوں کو پڑھانے کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔انہوں نے اپیل کی کہ زیادہ سے زیادہ نوجوان جماعت اسلامی کے رضا کار بنیں۔ جماعت اسلامی سیاست یا الیکشن کے لیے نہیں، اللہ کی رضا کے حصول اور انسانیت کی فلاح کے لیے متاثرین کی خدمت کررہی ہے۔ ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید نے کہا کہ مافیاز حکومت کی چھتری تلے سرکاری زمینوں پر قبضے کرتے ہیں اور ہاؤسنگ کالونیاں بنا کر لوگوں کو ان کی زندگی بھر کی جمع پونجی سے محروم کر دیتے ہیں، مافیاز نے پانی کی گزرگاہوں تک کو بیچ دیااور کوئی پوچھنے والا نہیں، عدل و انصاف سے عاری نظام عوام میں مایوسی اور بے یقینی کی کیفیت پیدا کر رہا ہے۔