سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے تحریکِ مزاحمت فلسطین کے ترجمان کمانڈر ابو عبیدہ کی شہادت کی خبر پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے فلسطینی عوام سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ ابو عبیدہ کی شہادت کی خبر صرف فلسطینی عوام ہی نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے جس ظلم، جبر اور محاصرے کا سامنا کر رہے ہیں، ابو عبیدہ اس جدوجہد میں ایک توانا آواز اور علامت بن کر سامنے آئے۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے اسرائیل کی جانب سے جاری جارحیت، بمباری اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نہتے شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانا کھلا جنگی جرم ہے، جس پر عالمی برادری کی خاموشی انتہائی افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان مظلوم فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی اصولی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی اور دنیا بھر میں مظلوموں کے حق میں آواز بلند کرتی رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ابو عبیدہ جیسے کردار فلسطینی عوام کے حوصلے، استقامت اور قربانی کی علامت ہیں، جو یہ پیغام دیتے ہیں کہ ظلم کے باوجود امید اور جدوجہد زندہ رہتی ہے۔
سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین نے مسلم دنیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ محض بیانات تک محدود رہنے کے بجائے اسرائیلی مظالم کے خلاف عملی اور مؤثر اقدامات کریں، جنگ بندی کو یقینی بنائیں اور فلسطینی عوام کو ان کے بنیادی انسانی حقوق دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم فلسطین کے مظلوم عوام کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں، ان کے صبر و استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے، زخمیوں کو شفا دے اور اہلِ فلسطین کو امن، آزادی اور انصاف نصیب فرمائے۔ ڈپٹی سیکرٹری حلقہ خواتین ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی ، عطیہ نثار ، عفت سجاد، عائشہ سید، ڈپٹی سیکرٹری و ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید نے بھی تحریک مزاحمت کے کمانڈر ابو عبیدہ کی شہادت پر دکھ اور غم کا اظہار کیا اور اسرائیل کی اس کھلی جارحیت کی پرزور مذمت کی ہے
