حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ دنیا میں وہی تحریکیں کامیابی سے جاری و ساری رہتی ہیں جو اپنے قائدین کی لازوال قربانیوں سے سبق سیکھتی ہیں، کشمیر کی آزادی کی لازوال جدوجہد اپنے رہنماؤں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔کشمیری حریت پسند رہنما سید علی گیلانی کے یوم وفات کے موقع پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی اپنی خرابی صحت کے باوجود جموں و کشمیر کے عوام کی جدوجہد آزادی کے لیے بھرپور رہنمائی کرتے رہے اس دوران وہ اپنے گھر میں نظر بند رہنے کے علاوہ کئی سال بھارت کی جیلوں میں قید رہے اور ذہنی و جسمانی اذیتیں بھی برداشت کیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سید علی گیلانی نے کشمیریوں کی آواز بلند کرنے اور حق خودارادیت حاصل کرنے کی جدوجہد میں بہت اہم کردار ادا کیا ،سید علی گیلانی کی جدوجہد آزادی بھارتی قبضے کے خلاف کشمیریوں کے ناقابل تسخیر عزم و حوصلے کی داستان ہے۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ سید علی گیلانی نے اپنی جان کی قربانی دے کر بھارت کے ظلم و جبر کا چہرہ دنیا کو دکھایا، دنیا کی تمام حریت تحریکوں کے لیے سید علی گیلانی کی جد وجہد رہتی دنیا تک مشعل راہ ہے، سید علی گیلانی ایک نڈر رہنما تھے جو مکار دشمن کیساتھ کسی قسم کا کوئی سمجھوتا کرنے کے بجائے محکوم کشمیری عوام کے حقوق کے لیے لڑے ، وہ اپنی پوری زندگی جہاد کشمیر کے لیے وقف کرنے والے ایک ایسے رہنما تھے جنہیں عزم و استقلال کا کوہِ گراں اور بھارت کے خلاف مزاحمت کا استعارہ کہا جاتا ہے۔ ان کا مشن کشمیری عوام کی آزادی اور استصواب رائے کی بنیاد پر پاکستان کے ساتھ الحاق تھا جس کے لیے انہوں نے پوری زندگی جدوجہد کی۔ڈاکٹر حمیرا طارق کا یہ بھی کہنا تھا کہ عالمی برادری ہزاروں لا پتا کشمیریوں کی بازیابی کے لیے مؤثر کردار ادا کرے ۔
