January 26th, 2021 (1442جمادى الثانية13)

اپنے آرام و سکون کے لمحات  کو دوسروں کی آسائشوں اور خدمت کے لئے قربان کرنے والے لوگ دراصل معاشرے کےلئےباعث فخر ہیں  .دردانہ صدیقی 

 اللہ تعالی کا ہم پر خصوصی کرم اور احسان ہے کہ اس نے ہمیں  انسانیت کی فلاح و بہبود , تعلیم و تربیت  کے کام پر مامور کیا ہے .الخدمت خواتین ٹرسٹ پاکستان کے تحت ملک میں سینکڑوں قرآن وسنت کی تعلیم کے مراکز اور بچوں کی اسلامی نہج پر تربیت اور اصلاح کے مراکز شائننگ سٹارکے نام سے کام کر رہے ہیں . الخدمت ٹرسٹ خواتین کے تحت قرآن فہمی کے مراکز  اور سلائ سنٹرز , رعائتی بازار اور دیگر فلاحی کاموں میں الخدمت ٹرسٹ کی کارکنان کی   کارکردگی اورجانفشانی انتہائ قابل تعریف ہے- نفس پرستی کے اس دور میں مجبور اور پریشان حال لوگوں کی مدد اور تعلیم و تربیت درحقیقت ایک جہاد ہے اور نبی احمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اسوہ بھی دراصل ہمیں دکھی انسانیت کی فلاح اور بہتری کی طرف راغب کرتا ہے . یہ بات سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی نے کراچی میں الخدمت ٹرسٹ ویمن ونگ پاکستان کے اعتراف خدمت  کے پروگرام سے اپنے خطاب کے دوران کہی .

انہوں نے کہا کہ سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم میں عبادات کی تعلیمات صرف ایک چوتھائ ہیں مگر معاملات اور انسانی تعلقات کے حوالے سے ہدایات و تعلیمات جو سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے ملی ہیں , وہ تین چوتھائ ہیں. ہمیں اللہ اور اس کے رسول کی سنت کی پیروی میں اپنی زندگی کا بیشتر حصہ اور اپنا وقت , اپنا مال انسانیت کی اصلاح وتربیت میں صرف کرنا چاہیے تاکہ یہ ہماری اخروی فلاح کا ذریعہ بن جائے -  

سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی  نے کہا کہ الخدمت ٹرسٹ خواتین ونگ نےہزاروں  یتیم اور نادار بچیوں کو ہنرمند بنانے کے علاوہ ان کی شادی بیاہ میں مدد کے لئے جہیز کی فراہمی کے حوالے سے بھی  قابل تعریف  کام کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں قرآن وسنت کی تعلیم سے مزین کرکے زندگی کا شعور فراہم کرنا بیٹی کے لئے سب سے بہتر تحفہ ہے اور یہ کام الحمداللہ الخدمت ٹرسٹ خواتین ونگ انجام دے رہی ہے.
 سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے الخدمت ٹرسٹ کےتحت قرآن فاؤنڈیشن سے کورس مکمل کرنے والی کامیاب طالبات میں اسناد بھی تقسیم کیں نیز اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ اور ذمہ داران کو بھی اس موقع پر اعتراف خدمت اسناد دی گئیں۔