November 20th, 2019 (1441ربيع الأول22)

تکمیل پاکستان کے نامکمل ایجنڈے تک جشن آزادی ادھوری ہے ٗ دردانہ صدیقی

جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی جنرل سیکرٹری دردانہ صدیقی کا کہنا ہے کہ تکمیل پاکستان کے نامکمل ایجنڈے کشمیر کی آزادی تک ہمارا جشن آزادی ادھورا ہے، بھارت نے کشمیر کی علیحدہ حیثیت پر شب خون مار کر اصل میں اپنے پاؤں پہ کلہاڑا مارا ہے، اب کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو کامیابی سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی، قوم یوم آزادی پاکستان کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منائے۔ جشن آزادی کے موقع پر اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کی لازوال قربانیوں کی بدولت
پاکستان تو بن گیا، مگر حکمرانوں کی ناعاقبت اندیشی کے سبب ہماری شہہ رگ آج بھی برہمن سامراج کے پنجہ استبداد میں ہے ، مگر اب وہ وقت دور نہیں جب ہم اپنا جشن آزادی مکمل طور پر منارہے ہوں گے۔ درادنہ صدیقی نے حج اور عید الاضحیٰ کے موقع پر اپنے تہنیتی بیان میں کہاکہ حج کا عالمگیر اجتماع اسلام کے آفاقی دین ہونے کا مرکز ہے ۔ عید قرباں پر غریبوں اور ناداروں کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔ انہوں نے کہا کہ وقت کے فرعون و نمرود پھر سے اکھٹے ہوکر مسلم امہ پر پل پڑے ہیں، کشمیر، فلسطین، افغانستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو آزمائشوں کا سامنا ہے، مگر اللہ کی وحدانیت پر یقین رکھنے والے کسی باطل طاقت کے آگے نہیں جھکیں گے اور اپنے جد امجد حضرت ابراہیم ؑکی طرح کامیاب ٹھہریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنہیں قربانی کی توفیق مل رہی ہے وہ اپنی عید قرباں کی خوشیوں میں غریبوں کو بھی یاد رکھیں اور شامل کریں،10 ذوالحج کے بابرکت یوم پر کشمیر و فلسطین سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعاؤں کااہتمام کیا جائے۔ انہوں نے اپیل کی کہ عوام قربانی کی کھالیں الخدمت جیسے معتبر ادارے کو دیں جو بلا تفریق انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔