November 20th, 2019 (1441ربيع الأول22)

کشمیر پر عالمی برادری کی خاموشی منافقت ہے، دردانہ صدیقی

جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی جنرل سیکرٹری دردانہ صدیقی نے بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 کالعدم کرکے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کی کوشش کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی منافقت ہے،بھارت کا مکروہ چہرہ ایک بار پھر دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگیا، 2 روز میں 11 کشمیریوں کی شہادت لمحہ فکر ہے، اقوام متحدہ سخت اقدامات کرے اور قرار داد کی خلاف ورزی کا نوٹس لے کر بھارت کے خلاف کردار ادا کرے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جب بھارت تمام تر سازشوں کے باوجود ہر محاذ پر شکست کھا چکا تو بد حواس ہو کر اقوام متحدہ کی قرار داد، جنیوا کنونشن اور دیگر عالمی اصولوں کی خلاف ورزی پر اتر آیا ہے جبکہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی بھی منافقت ہے، دنیا کو خاموشی ختم کرنی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم بزرگ کشمیری حریت رہنما علی گیلانی کی آواز پر لبیک کہتی ہے، ہمارے دل اہل کشمیر کے ساتھ دھڑکتے ہیں، خون کے آخری قطرے تک ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر بین الاقوامی فورمز نیند سے بیدار ہوکر اس سنگین صورتحال میں اپنا کردار ادا کریں۔