September 22nd, 2019 (1441محرم22)

بندگان خدا تک اللہ کا پیغام پہنچانا بڑی سعادت ہے،دردانہ صدیقی

 جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی جانب سے ماہ رمضان میں قرآن کا پیغام اللہ کے بندوں تک پہنچانے اور قرآن کی روشنی و رہنمائی میں شعور بیدار کرکے زندگی گزارنے کے پیغام کو عام کرنے کے لیے ملک بھر میں بھرپور دعوتی سرگرمیاں انجام دی گئیں۔ رمضان کے اختتام اور تکمیل دورہ قرآن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے ملک بھر کے ذمے داران و کارکنان کو دعوت دین کے اہم فریضے کی ادائیگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اللہ کا فضل ہے کہ اس نے آپ کو اپنے اس کام کے لیے منتخب کیا، بندگان خدا تک اللہ کا پیغام پہنچانا بڑی سعادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ خواتین کی ذمے داران و کارکنان نے جس طرح ماہ رمضان میں قرآن کی خدمت کی، اس کی دعوت اور پیغام کو عام کرنے کی کاوشیں کیں وہ لائقِ تحسین ہیں۔ ہمیں قرآن و سنت کی اس دعوت کو رمضان تک محدود نہیں کرنا اور رمضان کے بعد گھر نہیں بیٹھ جانا ، بلکہ اسی جذبے کے ساتھ باقی گیارہ ماہ بھی رجوع الی اللہ کی تحریک جاری رکھنی ہے تاکہ اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کی منزل قریب سے قریب تر ہو۔