February 19th, 2019 (1440جمادى الثانية13)

ذرائع ابلاغ قومی زندگی کا آئینہ ہوتے ہیں میڈیا کی طاقت سے معاشرے کو سنوارا جاسکتا ہے ‘دردانہ صدیقی

جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے ذرائع ابلاغ کے حوالے سے جاری مہم پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملک وقوم کی بقا، نظریات کی پختگی اور سوسائٹی کو اپنی تہذیب و ثقافت پر استوار رکھنے میں ذرائع ابلاغ بہت اہم کردار ادا کرسکتے ہیں معاشرے کی تعمیر ہو یا تخریب ہر دو صورتوں میں میڈیا بنیادی کردار ادا کر رہاہے ۔لہذا میڈیا کے ذمہ داران ،وزارت اطلاعات، پیمرا، والدین، اساتذہ اور ناظرین سب کی ذمہ داری ہے کہ آئین کی رو سے ملک کے نظریہ اور تشخص کے مطابق معاشرے کو درست سمت میں لے جانے کی کوشش کریں ۔نئی نسل کو مثبت اور تعمیری مقاصد سے روشناس کرایا جائے تاکہ ہم دنیا میں ایک باوقار قوم کی حیثیت سے اپنی پہچان کرا سکیں دردانہ صدیقی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے اس دور میں میڈیا پر بڑی زمہ داری ہے کہ وہ معاشرے کی تعمیر اور استحکام میں اپنا کلیدی کردار ادا کرےاور معاشرے کے بگاڑ کو بڑھانے کے بجائے اسے سنوارنے اور اخلاقی قدروں کی آبیاری میں اپنا حصہ ڈالے ۔کسی بھی احتساب کے بغیر انٹرنیٹ اور کیبل کو جس طرح وسعت دی جارہی ہے اور اس کے ذریعے لادین واخلاق باختہ پروگرامز ہمارے گھروں میں پہنچائے جارہے ہیں اس سے نوجوان نسل کے اخلاق اور کردار تباہ و برباد ہو رہا ہے ۔
میڈیا کی طاقت سے معاشرے کو سنوارا جا سکتاہے مگر ہم نادانی میں اس طاقت کو ضائع کر رہے ہیں ۔ اگر ہم جائزہ لیں تو اس وقت میڈیا بے مقصد اور بے سمت استعمال ہورہا ہے یہ صورتحال انتہائی مضطرب اور پریشان کن ہے۔