July 22nd, 2019 (1440ذو القعدة19)

جماعت اسلا می کا اصل مشن یہ ہے کہ اللہ کا دین ہر شعبہ زندگی میں نافذ ہو‘دردانہ صدیقی

جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان کی مرکزی جنرل سیکرٹری دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ جماعت اسلا می کا اصل مشن یہ ہے کہ اللہ کا دین ہر شعبہ زندگی میں نافذ ہو۔اس کے لیے ایسے افراد درکار ہیں جو بہترین اخلاق اور کردار سے آراستہ ہوں، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور ان کے بعد صحابہ کرامؓ کے بلند اخلاق اور کردارنے ہی اس دور کے لوگوں کے دلوں کو مسخر کیا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع جنوبی کے تحت ’’تربیت گاہ برائے ارکان و امیدواران ‘‘کے پہلے روز خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تربیت گاہ سے ڈپٹی سیکرٹری حلقہ خواتین رعنا فضل ،نائب ناظمہ حلقہ خواتین کراچی حمیرا خالد ، ناظمہ جنوبی ذکیہ اقبال اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔واضح رہے کہ کراچی کے 10 اضلاع میں خواتین ارکان امیدواران کی تربیت گاہیں مرکزی تھیم’’ انقلاب بذریعہ کردار‘‘ کے تحت جاری ہیں۔اس سلسلے میں ناظمہ کراچی اسما سفیر نے ضلع بن قاسم اور دیگر نائبات نے ضلع ناظم آباد،ضلع گلبرگ اور ضلع ملیر شاہ فیصل میں منعقدہ تربیت گاہوں میں شرکت کی۔دردانہ صدیقی نےشرکا کو توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ بر تر اخلاق میں نفوذ کی وہ قوت ہوتی ہے جو کسی کے روکنے سے نہیں رک سکتی۔ رعنا فضل نے کہا کہ علم انسان کے عمل کو معتبر بناتا ہے اللہ کی طرف سے قرآن کا پہلاحکم بھی علم کے لیے ہی تھا۔ مطالعے کی اہمیت پر پریزنٹیشن دیتے ہوئے حمیرا خالد نے کہا کہ کتاب سے دوستی کی جائے ۔ اس کے ساتھ وقت گزارا جائے اور یکسوئی وباقا عدگی اور وقت متعین کرکے مطالعہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ علم اس وقت تک فائدہ نہیں دے سکتا جب تک اس پر عمل نہ ہو۔ذکیہ اقبال نے تربیت گاہ کی اہمیت بتاتے ہوئے کہا کہ جب کوئی عمارت پرانی ہوجاتی ہے تو اس کو دوبارہ رنگ و روغن اور مرمت کی ضرورت ہوتی ہے اسی طرح یہ تربیت گاہیں ہماری تحریکی زندگی کو دوبارہ تیز رفتار اور بہتر بناتی ہیں.