July 22nd, 2019 (1440ذو القعدة19)

اسما سفیر کا کشمیر کانفرنس میں بھرپور شرکت پر خواتین سے اظہار تشکر

جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کی ناظمہ اسما سفیر نے 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جماعت اسلامی کے تحت حسن اسکوائرپر ہونے والی عظیم الشان ’’یکجہتی کشمیر کانفرنس ‘‘ میں خواتین کی بھرپور شرکت پر کراچی کی خواتین سے اظہار تشکر کیا ہے اور ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ خواتین نے بھی ثابت کردیا ہے کہ وہ آزادی کشمیر کی جدوجہد میں کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور خواتین سمیت کشمیری عوام کو یقین دلاتی ہیں کہ حکمران خواہ معذرت خواہانہ پالیسی اختیار کریں عوام کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کی آزادی کے بغیر پاکستان نامکمل ہے جدوجہد آزادی کشمیر پاکستان کی بقا و سا لمیت کی تحریک ہے، اہل کشمیر عزیمت و استقامت کی نئی تاریخ رقم کررہے ہیں، کشمیریوں کے جذبہ آزادی اور تحریکِ حریت کو روکنا اب بھارت کے بس میں نہیں جب تک مسئلہ کشمیر حق و انصاف اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل نہیں ہوگا اس وقت تک جنوبی ایشیا میں امن کے قیام کی توقع رکھنا نادانی ہے۔