لیاری سے فتح کامیابی کا آغاز ہے۔ دردانہ صدیقی | Jamaat-e-Islami Women Wing
August 19th, 2018 (1439ذو الحجة8)

لیاری سے فتح کامیابی کا آغاز ہے۔ دردانہ صدیقی

 

الیکشن جیتنے میں خواتین کا کردار لائقِ تحسین ہے۔ سید عبدالرشید 
جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی مرکزی جنرل سیکرٹری دردانہ صدیقی کا کہنا ہے کہ اقامتِ دین چند دن یا کسی خاص وقت کا کام نہیں بلکہ یہ ایک ایسا فریضہ ہے جس کے لیے ہمیں آخری سانس تک جدوجہد کرنی ہے، انتخابات کے نتائج ہمارے اس فریضہ پر اثرانداز نہیں ہوسکتے۔ لیاری سے مجلس عمل کے امیدوار کی کامیابی مایوسی کے گھٹن میں تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔ وہ لیاری کے صوبائی حلقہ 107-108 کے الیکشن پولنگ ورکرز کے اجتماع سے خطاب کر رہی تھیں۔ اجتماع سے نومنتخب رکن سندھ اسمبلی اور امیر ضلع جنوبی سید عبدالرشید نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر نائب قیمہ رعنا فضل ،ناظمہ کراچی اسما سفیر ،نائب ناظمہ فرح عمران، ناظمہ ضلع زکیہ اقبال ، مرکزی نگران نشرواشاعت صائمہ افتخار بھی موجود تھیں۔ دردانہ صدیقی نے ورکرز سے خطاب میں کہا کہ جیت کے بعد یہ آرام کا وقت نہیں بلکہ ایک اور امتحان درپیش ہے ، اس کے لئے ابھی سے کمر کسنا ہوگا۔ اس کامیابی کے حصول کے لیے سخت محنت ، مال خرچ کرنے، سب کو ساتھ لے کر چلنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ سید عبدالرشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ انقلاب کی راہ ہموار کرنے اور اسلام کو سربلند کرنے میں مسلم خواتین کی اہمیت اور کردار ہمیشہ مسلّم رہی ہے ۔ الیکشن مہم میں آپ نے وہ حق ادا کیا جو شاید آپ پر فرض بھی نہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہر طرف اسلام کا امیج خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، لیکن ہم انشااللہ اسلام کی خوبصورت شکل دنیا کے سامنے رکھنے والے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ لیاری میں یہ کامیابی سفر کا اختتام نہیں بلکہ آغاز جدوجہد ہے ۔