May 24th, 2018 (1439رمضان9)

حرم فورم کے پہلے سیشن میں 7ہزار خواتین عازمین کی تربیت

حاجی کیمپ سلطان آباد میں حرم فورم کراچی کے تحت خواتین عازمین حج کو پہلے سیشن میں 16روزہ تربیت کا اہتمام کیا گیا جس میں ملٹی میڈیا کے ذریعے تربیت دی گئی ۔تربیتی کورس وفاقی حکومت کی جانب سے پاکستان کے حاجی کیمپوں کی اعزازی نگراں حج ماسٹر ٹرینر شاہین ضیا اور حرم فورم کراچی کی نگراں امینہ سلیم اور ان کی پانچوں اضلاع پر مشتمل ماسٹر ٹرینرز کی ٹیم نے 10اپریل تا 27اپریل روزانہ صبح 9:30سے 12:40تک پاسپورٹ ہال میں انجام دیا۔ جس کی یومیہ حاضری 300سے 700تک رہی ۔ تقریباً 7ہزار خواتین عازمین حج کو مکمل تربیت فراہم کی گئی۔ وڈیو سیشن کے ساتھ لیڈی ڈاکٹر سیشن میں ’’آپ کا حج اور آپ کی صحت ‘‘ کے حوالے سے رہنمائی ڈاکٹر صدیقہ فیاض نے فراہم کی ۔ ایک بھر پور پروگرام جس میں اناؤنسمنٹ ، حج کا محرک ، عمرہ کا طریقہ اور فلسفہ ، احرام کی ممنو عات ، حج کے 5دن ، مناسکِ حج کے ساتھ مقاصد و فلسفہ ، خواتین کا لباس ، حج کو فاسد کر نے والے عوامل ، زیارتِ مدینہ اور حبِ رسولؐ کے تقاضے ، حکومت کی ہدایات اور انتظامی اور عمومی کے سوالات و جوابات کی نشست بھی جاری رہی۔ 40ماسٹر ٹرینرز (سند یافتہ دعوۃ اسلامک اکیڈمی برائے خواتین اسلام آباد یونیورسٹی ) پر مشتمل ٹیم نے حاجی کیمپ میں اپنی خدمات انجام دیں ۔ واضح رہے کہ11روزہ دوسرے سیشن کا آغازبھی ہو چکا ہے ۔ آخری قرعہ اندازی میں نام آنے والی خواتین عازمین حج کی تربیت گاہ رمضان المبارک کے بعد منعقد ہو گی۔