April 24th, 2024 (1445شوال16)

عقیدہ ختم نبوت صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان اور اس کا تحفظ دین کا لازمی اور بنیادی تقاضا ہے۔ دردانہ صدیقی

ختم نبوت صلی اللہ علیہ وسلم دین کا بنیادی عقیدہ ہے اس پر اسلام کی پوری عمارت قائم ہے۔ عقیدہ ختم نبوت پر ایمان اور اس کا تحفظ دین کا لازمی اور بنیادی تقاضا ہے۔ مسلمانوں کا اجتماعی عقیدہ ہےکہ حضور سرورکائنات صلی اللہ علیہ وسلم اللہ تعالی کے آخری نبی ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد قیامت تک کوئی نبی نہیں آئےگا۔ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی جنرل سیکریٹری دردانہ صدیقی نے 7 ستمبر یوم ختم نبوت صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ امت کا اس بات پر بھی اجماع ہے کہ ختم نبوت صلی اللہ علیہ وسلم کا منکر دائرہ اسلام سے خارج ہے۔آج تک نبوت کے جتنے جھوٹے دعویدار گزرے ہیں سب ذلت و رسوائی سے ہمکنار ہوئے۔7 ستمبر 1974 کا دن ہماری قومی اور ملی تاریخ میں خاص اہمیت کا حامل ہے اس دن مسلمانوں کے دیرینہ مطالبہ پر اس وقت کی قومی اسمبلی نےقادیانیوں کو جمہوری  اور پارلیمانی بنیاد پر غیر مسلم اقلیت قرار دینے کا تاریخ ساز فیصلہ کیا یہ یادگار فیصلہ مسلمانوں کی طویل جدوجہد کا نتیجہ تھا۔ 
جس دن  سے یہ قانون بنا ہے اس وقت سے بیرونی اور اندرونی سامراجی قوتوں کی جانب سے  کوششیں جاری ہیں کہ کسی طرح یہ قانون یا تو ختم ہو جائے یا اس میں اس طرح  ترمیم کر دی جائے کہ اس کی افادیت ختم ہو جائے۔دردانہ صدیقی نے کہا کہ 7 ستمبر کے موقع پر پوری امت مسلمہ خصوصاً پاکستانی قوم یہ عہد کرے کہ ہم اس قانون کو تبدیل ہونا تو دور کی  بات ، اس میں ادنیٰ سی ترمیم بھی نہیں ہونے دیں گے۔اس کے لئے پوری قوم کو ہمہ وقت بیدار اور چوکنا رہنا ہوگا کہ کوئی بھی چور راستے سے اس میں نقب زنی نہ کر سکے۔اللہ تبارک و تعالیٰ، حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی ختم نبوت کی حفاظت فرمائے اور ہمیں سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی عزت و ناموس کی حفاظت کے لئے قبول فرمائے