April 23rd, 2024 (1445شوال14)

حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام مرکزی تکمیل دورۂ  تفسیرقرآن  اور حلف برداری کی تقریب ,ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیراطارق، ثمینہ سعید رفعت پراچہ اور دیگر کا خطاب

  قرآن کریم جو ساری انسانیت کی ہدایت کے لیے نازل کیا گیا ،اللہ تعالی نے اپنے اس بے مثال کلام میں عجیب و غریب برکا ت رکھی ہیں ،اس کی تلاوت ،اس کی سماعت ،اس میں غور وفکر کرنا،اس کے معانی و مطالب کو سمجھنے کی کوشش کرنا، اس کے حلال پر عمل کرنا اس کے حرام سے اجتناب کرنا ،اس کی تعلیمات سے زندگیوں کو روشن کرنا ،اور اس کے بتائے ہوئے طریقہ کے مطابق زندگی گذارنا ہر اعتبار سے انسانوں کے لیے اس میں خیر وبرکات ،انقلاب اور کامیابی اور کامرانی ہے 
 قرآن مجید کے انقلاب سے  کفر اور شرک کی تاریکیوں میں ڈوبے ہوئے اور خدا فراموشی کی زندگی گزارنے والے نہ صرف ہدایت سے فیض یاب ہوئے بلکہ راہِ ہدایت میں مشعل راہ بنے ،اس کلام الہی کو تھامنے والوں کو اللہ تعالی نے دنیا میں عزت کی اور آخرت میں سرخرو کرنے وعدہ فرمایا ،اور انہیں دنیا کی قیادت و سیادت سونپی ۔دنیا میں جن کو ذلیل و حقیر سمجھا جارہا تھا اس کلام کی انقلاب انگیز تاثیر نے ان کی شان کو بلند وبالا کیا اور قیامت تک کے لیے ان کے ذکر خیر کو جاری کردیا ۔دنیا میں جو کچھ انقلاب نظر آرہا ہے بلاشبہ یہ اس عظیم کتاب کی بدولت ہے جو صاحب کتاب سیدنا محمد رسول اللہ ﷺ نے بطور امانت انسانوں تک پہنچایا اور اس کے تقاضوں کو عملی طور پر پورا کرکے دکھایا قرآن نے ہر شعبۂ زندگی میں مثالی انقلاب بر پا کیا 
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی سیکریٹی ثمینہ سعید نے  شرکأ سے اپنے  خطاب میں کیا۔