March 28th, 2024 (1445رمضان18)

جماعت اسلامی کی 80 سال ملک کے اندر اور باہر غلبہ اسلام اور مظلومین کی مدد اور حمائت کے لئے بے مثال خدمات سے عبارت ہے,دردانہ صدیقی

جماعت اسلامی ایک فکری اور انقلابی جماعت ہی نہیں بلکہ ایک نظریاتی تحریک بھی ہے جو قیام پاکستان سے لے کر اب تک ملک میں اسلامی نظام کے قیام کے لیے مصروف عمل ہے۔جماعت اسلامی گذشتہ 80 سال سے پرامن اور  جمہوری جدوجہد کے ذریعے افراد کی انفرادی اصلاح اور معاشرے کی اجتماعی تشکیل و تعمیر کا کام کر رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہارحلقہ خواتین, جماعت اسلامی پاکستان کی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی نے جماعت اسلامی کے یوم تاسیس کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک عالمگیر اسلامی تحریک ہے جو ملک پاکستان میں اسلام کو مکمل ضابطہ حیات کے طور نافذ کرنے کا عزم رکھتی ہے اور زندگی کے ہر گوشے میں قرآن و سنت کی تعلیمات کا نفاذ جماعت اسلامی  کی اولین ترجیح رہا ہے ۔ ملک کی سیاسی جماعتیں اپنی سیاست کو مضبوط کرنے میں مصروف ہیں اور دینی جماعتیں اپنے عقائد اور نظریات پر کام کر رہی ہیں مگر جماعت اسلامی قرآن و سنت کی روشنی میں ملک کے معاشی ,معاشرتی اور تعلیمی نظام کو ترتیب دینے کے لئے عوامی ذہن سازی میں مصروف ہے-
 ملک میں برسر اقتدار آنے والی ہر جماعت احتساب ،انصاف اور کرپشن کے خاتمے کا نعرہ لگاتی رہی  ہے جبکہ جماعت اسلامی نے روز اول ہی سے "سب کا بے لاگ احتساب" اور عوام کی دہلیز پر بروقت انصاف کی فراہمی  کے لیے عملی جدوجہد کی ہے.کرپشن کے خاتمے کے لیے عوام میں شعور بیدار کرنے میں جماعت اسلامی کے اکابرین  نے ہر دور میں اپنا کردار ادا کیا ہے یہاں تک کہ  کہ ہمارے مخالفین  بھی اس ضمن میں  ہماری جدوجہد کے متعرف ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی  ملک کی سب سے بڑی دینی اور  جمہوری جماعت ہے جس میں ہر شخص کو اظہار رائے کی آزادی ہے- اور جماعت اسلامی کے امیر محترم بھی احتساب سے بالا تر نہیں - جواب دہی کا احساس عام کارکن سے اراکین شوری تک سب کے ذہنوں میّ رچا بسا ہوا ہے -
 مملکت خداداد کو نظریہ پاکستان  سے ہم آہنگ کرنے اور عام آدمی کے حقوق کےتحفظ  کے لئے جماعت اسلامی کی جدوجہد کسی سے ڈھکی چھپی نہیں یہ وطن عزیز کی واحد جماعت ہے جو ہر قسم کے علاقائی, قومیت اور گروہی تعصبات سے پاک ہے۔دردانہ صدیقی نے کہا کہ الحمداللہ پچھلے 80 سالوں میں ہمارے سینکڑوں ارکان و کارکنان سینیٹ قومی و صوبائی اسمبلیوں اور بلدیاتی اداروں کے ممبر رہے مگر کسی کے دامن پر پر کرپشن ،کمیشن اور اقربا پروری کا کوئی داغ نہیں اور اپنے فرائض کی ادائیگی کے معاملے میں جماعت اسلامی کے اراکین اسمبلی کی کارکردگی ہمیشہ سو فیصد رہی ۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کو مقدم رکھا ہے جس مقصد کے لئے شعبہ الخدمت کے تحت لاکھوں دینی ,تعلیمی اور طبی ادارے بلامعاوضہ خدمات فراہم کر رہے ہیں اور گزشتہ دو سال سے  جب کہ پاکستان میں ہمدردی کے نام پر بعض لوگوں نے کرونا بحران کے دوران امداد اور طبی سہولیات کے ذریعے  ناجائز منافع خوری اور سستی شہرت کے حصول کا بازار گرم کئے  رکھا,جماعت اسلامی کے شعبہ الخدمت کے کارکنان کسی صلے کی تمنا کیے بغیر اس بحران میں خلق خدا کی خدمت کر رہے ہیں ۔الخدمت موجودہ مشکل حالات میں میڈیکل سہولتوں کی فراہمی اور نادار لوگوں کے لئے راشن مہیا کرنے کا کام ترجیحی بنیادوں پر کر رہی ہے ملک بھر میں موجود الخدمت کا نیٹ ورک فلاحی خدمات کی انجام دہی کے لیے جس طرح سرگرم عمل ہے وہ حقیقتا قابل تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا اصل مقصد ملک میں شریعت کا نفاذ ہےجس کے لیے ہمارے بزرگوں نے بے انتہا قربانیاں دیں اور نظریہ پاکستان کی تکمیل تبھی ممکن ہے جب پاکستان میں مدینہ کی طرز پر اسلامی حکومت قائم نہیں ہو جاتی۔ایک اسلامی اور خوشحال پاکستان کا خواب اس وقت تک شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا جب تک زمام کار صالحین کے ہاتھ میں نہ آ جائے۔ جماعت اسلامی عالمی اسلامی تحریکوں کی مدد , تعاون اور حمائت کا عزم رکھتی ہے-ہم دنیابھر میں مظلوم مسلمانوں کی جدوجہد آزادی خصوصا جہاد کشمیر اور جہاد فلسطین کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں , ان کی کامیابی کے لئے دعاگو ہیں - اور آج بھی مسئلہ کشمیر پر ہمارا مضبوط موقف ہے
۔دردانہ صدیقی نے کہا کہ جماعت اسلامی کی 80 سالہ تاریخ ملک کے اندر اور باہر غلبہ اسلام اور مظلومین کی مدد اور حمائت کے لئے بے مثال خدمات سے عبارت ہے اورآئندہ بھی غلبہ اسلام کے لئے جمہوری , پرامن جدوجہد رہتی دنیا تک جماعت اسلامی کی پہچان رہے گی