April 25th, 2024 (1445شوال17)

جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی جانب سے 10 فروری تا 28 فروری

جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی جانب سے ہر سال کی طرح اس سال بھی , 10 فروری تا 28 فروری"اصلاح معاشرہ مہم" منائی جا رہی ہے ۔اس سال مہم کو معاشرے کے تمام پہلوؤں کو ہدف بناتے ہوئے "آؤمنائیں سب مل کرآج سےبہتراپناکل" کے عنوان کے تحت منایا جا ئے گا۔
اس بات کا اعلان سیکریٹری اطلاعات جماعت اسلامی حلقہ خواتین صائمہ افتخار نے مہم کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نےمزید کہا کہ مہم کے ذریعے معاشرے میں ہونے والے پے در پے سانحات ، اخلاقی زوال پذیری،جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح،ذرائع ابلاغ کا منفی استعمال، معاشرے میں بڑھتی ہوئی فحاشی وعریانی، بے روزگاری،مہنگائی، کرپشن ،تعلیم کی ابتر صورتحال غرض ہر شعبہ ہائے زندگی کے منفی اثرات اور ان کے نتائج اور اس کے مقابلے میں ہماری اقدار و روایات اور اسلامی آ داب معاشرت اور معاشرے پر ان کے اثرات کو اجاگر کیا جائے گا۔ 
اس ضمن میں تمام سطحوں پر آ گاہی اور شعور بیدار کرنے کے لئے مختلف پروگرامز منعقد کئے جائیں گے ۔نشرواشاعت اور ابلاغ کے تمام طریقے دروس ،ملاقاتیں ، بینرز ، بل بورڈز ،اسٹیکرز، سوشل میڈیا وغیرہ کو استعمال کیا جائے گا۔خصوصی ورکشاپس اور سیمینارز کے ذریعے معاشرے کے ہر پہلو پر گفتگو رکھی جائے گی
جبکہ چھوٹے بڑے اجتماعات میں اس حوالے سے قراردادیں منظور کروائی جائیں گی۔
سیکریٹری اطلاعات نے ذمہ داران اور کارکنان کو خصوصی تاکید کی کہ مہم کو بھرپور طریقے سے کامیاب کرنے اور نتیجہ خیز بنانے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے تاکہ معاشرے کی اصلاح کا عمل ممکن ہو سکے۔