April 25th, 2024 (1445شوال16)

حکومت جان، مال اور عزت کا تحفظ دینے میں ناکام ہوگئی، دردانہ صدیقی

جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی ناظمہ ڈاکٹر دردانہ صدیقی اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عائشہ سید نے منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے زینب زیادتی و قتل کے اندوہناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ہفتہ ہوگیا مگر حکومت تمام تر بلند و بانگ دعووں کے باوجود مجرم کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی جس سے پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کی کارکردگی پر عوام کا اعتماد بری طرح مجروح ہوا ہے۔ ڈاکٹر دردانہ صدیقی نے کہا کہ اس دلخراش واقعے نے ماؤں کی نیندیں اڑادی ہیں اور وہ اپنے بچوں کو گھروں سے باہر بھیجتے ہوئے ڈرتی ہیں۔ اتنے بڑے واقعے کے مجرموں کی عدم گرفتاری سے معاشرے میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو جان، مال اور عزت کا تحفظ دینے میں نا کام ہوچکی ہے۔ حکمران صرف اپنی حفاظت چاہتے ہیں عوام کی انہیں کوئی فکر نہیں۔ ڈاکٹر عائشہ سید نے کہا کہ اگر آئین میں موجود قوانین پر عملدرآمد ہو جائے تو عام آدمی کے حقوق پر کوئی ڈاکا نہیں ڈال سکتا۔ معصوم بچوں پر تشدد اور اغوا کے حوالے سے سخت ترین قوانین اور سزاؤں کی ضرورت ہے مگر حکمران خود آئین و قانون کی پروا نہیں کرتے اس لیے ملک جرائم کی آماجگاہ بن چکا ہے اور ہر طرف لاقانونیت اور بدامنی کا راج ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث مجرموں کو جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔