April 25th, 2024 (1445شوال17)

معاشرتی بناؤبگاڑ میں میڈیا کا کردار کلیدی ہے‘دردانہ صدیقی

جماعت اسلامی خواتین کی قیمہ دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ معاشرے اور قوموں کے بناؤبگاڑ میں میڈیا کا کردار کلیدی حیثیت اختیار کر چکاہے جو عوام کے رجحانات خیالات اور جذبات کو تبدیل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ دنیا کے ہر ملک میں میڈیا کے ادارے عوامی امنگوں کے ترجمان اور قومی مفادات کے محافظ ہوتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طالبات کی طرف سے جاری ذرائع ابلاغ مہم کے حوالے سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے میڈیا پر قابض اسرائیلی اسلام کے خلاف پروپیگنڈے میں مصروف ہیں۔ اسلام اور شعائراسلام پر حملے کرنا ، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے بارے میں اسلام اور پاکستان کو بدنام کرنے کی مہم عروج پر ہے۔ ایسے میں ہمارے ذرائع ابلاغ کو اس پروپیگنڈے کے توڑ کے لیے موثر حکمتِ عملی تشکیل دینے کے بجائے اپنے فرائض سے مجرمانہ غفلت کے ساتھ بے حیا ئی اور بے مقصدیت کے فروغ میں دن رات مصروف ہے۔ ان حالات میں اسلامی جمعیت طالبات پاکستان کی جانب سے ذرائع ابلاغ مہم کا اہتمام ایک احسن قدم ہے۔ جمعیت طالبات نے نوجوانوں کی اصلاح اور ان کو تعمیری فکر دینے کا فریضہ انجام دیا ہے۔ یہ مہم معاشرتی اصلاح کے اہم مسئلے پر متوجہ کرنے کا ذریعہ بنے گی۔ اس مہم کا مقصد میڈیا کی اہمیت کا اعتراف کرنا، نسل نوکے لیے میڈیا کو مثبت کرداراجاگرکرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی میڈیا اہم قومی ایشوز اور عالمِ اسلام کو درپیش چیلنجز پر دہری پالیسی اپنائے ہوئے ہے۔ اور اسی کا نتیجہ ہے کہ پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی حدود کوشدید خطرات لاحق ہیں۔قوم کی صحیح رہنمائی کرنا، فرد اور معاشرے کو مہذب بنانا، بے حسی کو مزاج سے نکالنا،ا فراد کی صلاحیتوں کو ملکی تعمیر و ترقی کے کاموں میں لگانا میڈیا کی اہم ترین ذمے داری ہے۔ موجودہ مہم کے ذریعے میڈیا کی ان ذمے داریوں کو احسن طریقہ سے اجاگر کیا جائے گا۔