March 29th, 2024 (1445رمضان19)

اسلامی ریاست کے بغیر ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں‘ فرحانہ اورنگزیب

پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنائے بغیر تعمیر و ترقی اور خوشحالی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔70 برس سے حکومتیں بدلتی رہی لیکن بیورو کریٹوں، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں پر مشتمل حکمران طبقہ اپنی جگہ موجود رہا ہے جنہوں نے لوٹ کھسوٹ کرکے نہ صرف معیشت کو تباہ و برباد کیا بلکہ کرپشن، ناانصافی اور ظلم و زیادتی کر کے عوام کو خطِ غربت سے نیچے دھکیل دیا یہ بات ناظمہ جماعتِ اسلامی حلقہ خواتین کراچی فرحانہ اورنگزیب نے رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں خواتین ذمہ داران کی بریفنگ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا ہوگا، محرومی، سفارش، رشوت اور کرپشن کے آگے بند باندھنے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ جماعت کی قیادت نہ صرف دیانتدار ہے بلکہ ملک کو خوش اسلوبی سے چلانے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے، ہمیں جب بھی موقع ملا ہم نے ملک و قوم کی خدمت کی ہے۔ ہمارے پارلیمنٹرین کی کارکردگی سب سے اچھی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رابطہ عوام مہم میں بڑے بڑے اجتماعات کے ذریعے خواتین سے رابطے کیے جائیں گے اور خواتین کارکنان گھر گھر جا کر اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کا پیغام لوگوں تک پہنچائیں گی۔