March 28th, 2024 (1445رمضان18)

روہنگیا مسلمانوں پر انسانیت سوزمظالم پر اقوام متحدہ کی خاموشی سمجھ سے بالا تر ہے۔دردانہ صدیقی

ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان ترکی کے ساتھ کھڑا ہو اور بنگلہ دیش پر دباؤ ڈالا جائے کہ وہ اپنی بند سرحدیں کھولے

 جماعت اسلامی پاکستان (حلقہ خواتین ) کی جنرل سیکریٹری دردانہ صدیقی نے روہنگیا مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم کے خلاف اپنے ایک خصوصی بیان میں کہا ہے کہ برما روہنگیا کے مسلمانوں کی حالت زار پر اقوام عالم کی خاموشی سمجھ سے بالا تر ہے۔امن کے نوبل پرائز حاصل کرنے والوں کوبے یارومددگار روہنگین مسلمانوں کی چیخیں کیوں سنائی نہیں دے رہیں ؟اقوام متحدہ مزید کن سانحات کا منتظر ہے۔سب سے زیادہ افسوس مسلم حکمرانوں اور او آئی سی کے طرز عمل پر ہے کہ سوائے ترکی کے کوئی بھی کھل کر مذمت کرنے اور سفارتی سطح سے ان مظالم کو رکوانے کی کوشش کرتا نظر نہیں آرہا۔ایسے میں برما سے آنے والی خبروں نے دردمند دلوں کو مضطرب کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نہ جانے امت کی کونسی کوتاہیاں ہیں کہ ہمیں وہ حکمران نہیں نصیب ہوتے جو سر اٹھا کر جینے والے ہوں ظالم کا ہاتھ روکنے کی ہمت رکھتے ہوئے ہر مظلوم کی دادرسی کرنے والے ہوں۔ اللہ تعالیٰ امت پر اپنا کرم فرما،اسے ظالموں کے حوالے نہ کر اور اسے ظلم سے نجات عطا فرما۔انہو ں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان ترکی کے ساتھ کھڑا ہو اور بنگلہ دیش پر دباؤ ڈالا جائے کہ وہ اپنی بند سرحدیں کھولے جبکہ ترکی نے اس حوالے سے بنگلہ دیش کو مکمل تعاون اور اخراجات اٹھانے کی پیش کش بھی کی ہے۔