April 19th, 2024 (1445شوال10)

حجاب مسلمان عورت کا فخر اور محافظ ہے ۔دردانہ صدیقی

 جماعت اسلامی پاکستان (حلقہ خواتین ) کی جنرل سیکریٹری دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ حجاب مسلمان عورت کا فخر اور محافظ ہے، یہ خالق کی جانب سے بنتِ حوا کے لیے خصوصی تحفہ ہے۔ عصر حاضر کے فتنوں میں ایک بڑا فتنہ بے حجابی بھی ہے، بے پردگی اور عریانی وفحاشی کی وجہ سے آج کرائم ریٹ میں بے پناہ اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ حکومت عالمی یومِ حجاب کو سرکاری سطح پر منائے اور میڈیا یومِ حجاب پر خصوصی نشریات کا اہتمام کرے تاکہ ایک باحیا اور صحت مند معاشرہ پروان چڑھ سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 4ستمبر عالمی یومِ حجاب کی مناسبت سے جاری اپنے خصوصی بیان میں کیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ آج باطل قوتیں حجاب سے نہیں بلکہ اس کے پیچھے چھپے نظریے اور تہذیب سے خوفزدہ ہیں جبکہ یہی تہذیب پوری انسانیت کی فلاح کی ضامن ہے۔آج مختلف شعبوں میں با حجاب خواتین کی شمولیت اس بات کی دلیل ہے کہ حجاب کسی بھی شعبہ زندگی میں رکاوٹ نہیں بلکہ معاشرے کا افتخار ہے۔ معاشرے کے اندر حیا اور حجاب کے کلچر کے فروغ اور نئی نسل کو اسلام کی بنیادی اقدار سے روشناس کرانے کی ضرورت ہے ۔