April 18th, 2024 (1445شوال10)

جشنِ آزادی تجدیدِ عہدِ وفا کے طور پر منانا چاہیے ، دردانہ صدیقی

جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ قوم کو وطن عزیز کی 70ویں یوم آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں جشن آزادی کو تجدید عہد وفا کے طور پر منانا چاہئیے، ہم نے جس وعدے پر یہ ملک حاصل کیا تھا اسے پورا نہیں کیا اسی لیے رب کی رحمتیں ہم سے روٹھی ہوئی ہیں۔ دہشت گردی، کرپشن، بھوک ، افلاس، غربت اور ناخواندگی جیسے بحرانوں سے نکلنے کے لئے رب کائنات سے کیے گئے وعدے کی طر ف لوٹنا ہوگا۔ اپنے تہنیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ آج سے 70سال قبل ہمارے اجداد نے لاکھوں کی تعداد میں اس لیے اپنے جانوں کی قربانی دی تھی کہ ہم ایک ایسا خطہ عرض حاصل کریں جہاں اللہ اور اس کے رسول کی حاکمیت ہو۔ علامہ اقبال نے اسلامی ریاست کا خواب دیکھا تھا جس کی تعبیر کے لیے قائداعظم نے پاکستان کو اسلام کی عملی تجربہ گاہ بنانے کی جدوجہد کی۔ برصغیر کے مسلمانوں کی بے لوث قربانیوں اور پرخلوص جدوجہد کے صلے میں خدا تعالیٰ نے ہمیں انعام کے طور پر پاکستان جیسا خوبصورت دیا تھا ، لیکن ہم نے خدا کی اس عظیم نعمت کی قدر نہیں کی جس کی وجہ سے آج یہ ملک اور یہاں کے باسی مشکلات اور آزمائشوں کے دلدل میں دھنستے چلے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج اس ملک میں کرپشن اور احتساب کی جنگ جاری ہے جس میں جیت بہرحال احتساب اور شفافیت کی ہونی ہے، جماعت اسلامی اول روز سے اس ملک کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ ہم اس ملک کی تعمیر علامہ اقبال اور قائداعظم محمد علی جناح کی امنگوں کے مطابق کرنا چاہتے ہیں۔ قوم کو کرپشن سے پاک آزاد خود مختار اور خوشحال اسلامی پاکستان بنانے کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دینا چاہیے ۔