April 23rd, 2024 (1445شوال14)

کرپشن فساد فی الارض کی ایک شکل ہے ۔خواتین جماعت اسلامی کی قیادت کا ساتھ دیں ۔استحکام پاکستان کانفرنس سے دردانہ صدیقی کا خطاب

جماعت اسلامی پاکستان(حلقہ خواتین) کی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا کہ کرپشن فساد فی الارض کی ایک شکل ہے ۔جماعت اسلامی نے پاکستان کو واقعتاً پاک سر زمین بنانے کے لئے سب سے پہلے کرپشن فری پاکستان کا نعرہ لگایااور عملی جدو جہد اور تحریک شروع کی ’’ احتساب سب کا ‘‘ہمارا مطالبہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی بہاولپور (حلقہ خواتین) کے تحت استحکام پاکستان کانفرنس سے صدارتی خطاب کر تے ہوئے کیا ۔کانفرنس میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔کانفرنس میں مسیحی برادری کی خواتین نے بھی شر کت کی ۔اس موقع پر ڈپٹی سیکریٹری رعنا فضل،نگراں زون جنوبی پنجاب رفیعہ فاطمہ،ڈاکٹر ثمینہ وسیم روحی اور دیگر بھی موجودتھیں ۔دردانہ صدیقی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت کی بنیاد’’ انصاف اور قانون سب کے لئے ہے ‘‘ اس دعوت میں کوئی قانون سے بالاتر نہیں یہی دعوت ہر طرح کی کرپشن کے خاتمہ کی بنیاد ہے۔جماعت اسلامی کی دعوت کی بھی اسی اسلامی خوشحال پاکستان کی دعوت ہے جہاں صالحیت اور صلاحیت کی مالک،بے داغ اور کرپشن فری قیادت موجود ہے ۔الحمد للہ محراب و منبر کا پاس رکھنے والے،کلمہ حق کہنے والے،امن و محبت کے پاسدار،انسانیت کے ہمدرد افراد جماعت اسلامی کے پاس ہیں۔خواتین ہمارے ساتھ مل کر اس قیادت کو ملک کے ایوان اقتدار تک پہنچائیں تاکہ پاکستان حقیقی معنوں میں پاکستان بنے۔ خوشحال پاکستان کے لیے ہمیں بہ حیثیت عورت اپنے دائرہ کار اور دائرہ اثر میں ہمیں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے یہ پیغام عام کرنا ہوگا کہ ہمارے ہر مسئلے کا حل بے داغ قیادت ہے۔اسکے لئے جماعت اسلامی کے حق میں اپنا ووٹ استعمال کریں ۔دردانہ صدیقی نے کہا کہ زندگی کا ہر شعبہ اللہ کی حاکمیت کا متقاضی ہے۔ سب کا حاکم اللہ اور اسکے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا لایا ہوا نظام ہے اللہ کی طرف پلٹنا نہ صرف آسمان کی جنتوں کی ضمانت ہے بلکہ اس زمین پر دنیا کی زندگی میں بھی ہمارے مستقبل اور ہماری نسل کے لئے جنتوں کی نوید ہے ۔پاکستان 14 اگست ستائیس رمضان کی شب کو قائم ہوا اللہ نے ہمیں زمین بھی دی اور اس زمین پر نافذ کرنے کے لئے کتاب بھی دی۔سوچنے کی بات ہے کہ ملک میں تمام نعمتوں کے باوجود عوام مسائل کا شکار اور سہولیات سے محروم کیوں ہیں۔ پاکستان کے تمام خزانوں پر لٹیروں کی اجارہ داری ہے۔ہمارے ہربگاڑاورمسئلے کی جڑ بدعنوانی اور کرپشن ہے