April 25th, 2024 (1445شوال16)

جماعت اسلامی کی سیاسی جدوجہد انفرادی اور اجتماعی زندگی کو اسلام کے مطابق ڈھالنے کے لیے ہے۔ ضلع جنوبی کے دورے کے موقع پردرادنہ صدیقی کا خطاب

جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان کی مرکزی جنرل سکریٹری دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ اسلامی اورخوشحال پاکستان کی منزل کو حاصل کرنے کے لئے ہمیں بہترین اور بھرپور منصوبہ بندی کے ساتھ کام کرنا ہوگا،جماعت اسلامی کی سیاسی جدوجہد انفرادی اور اجتماعی زندگی کو اسلام کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کے لیے ہے،اللہ کا ہم پر احسان ہے کہ اس نے نیکی اور بدی کی پہچان دی اور اس آسمانی قافلے سے جوڑا جو کہ انبیاء کا قافلہ ہے۔اللہ کے اس انتخاب کا تقاضہ ہے کہ ہم اخلاص کے ساتھ قرآن کو تھام کر اسکی دعوت منظم انداز میں دوسروں تک پہنچائیں۔موثر اور مضبوط تنظیم ہر طرح کے اہداف کے حصول میں مددگار ہوتی ہے،ملکی سیاست میں خواتین اور نوجوانوں کو آگے آنے کی ضرورت ہے.خواتین اور نوجوانوں کے سیاسی شعورکی بیداری بڑی تبدیلی کا باعث ہوگی۔ان خیالات کا اظہا ت انہوں نے ضلع جنوبی کے دورے کے آغاز پر نظم ضلع کے ساتھ مرکزی نظم کی نشست کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مرکزی ڈپٹی سکریٹری رعنا فضل ، مرکزی سکریٹری اطلاعات صائمہ افتخار ، جماعت اسلامی حلقہ خواتین سندھ کی ناظمہ عطیہ نثار، کراچی کی ناظمہ فرحانہ اور نگزیب ، ناظمہ ضلع جنوبی ذکیہ اقبال اور دیگر بھی موجود تھیں۔دردانہ صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ جماعت اسلامی خواتین کی لیڈرشپ کے لئے قران و احادیث کے علم پرعبور کے ساتھ ساتھ حالات حاضرہ سے باخبر رہنا بھی ضروری ہے۔قیادت کی خوبی ہے کہ وہ مایوسی سے نکال کر امید کی نوید دیتی ہے اورآگے بڑھ کر کارکنان کے لئے مشعل راہ بنتی ہے۔اہداف کے حصول کے لئے موثر اور مضبوط تنظیم مددگار ہوتی ہے ٹیم ورک اسکا لازمی حصّہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مطالعہ قرآن سے اپنی زندگی کے لئیے عملی رہنمائی حاصل کریں۔ قران کا مطالعہ کرتے ہوئے دیکھیں کہ قران ہم سے کیا کہہ رہا ہے۔نفاذ دین کی تحریک کی کامیابی کے لیے اپنے اندر کی کمزوریوں کو دور کرنا ضروری ہے ۔اللہ کا احسان ہے کہ اس نے ہمیں مقصد زندگی سے آشنا کیا اور اپنے دین کے نفاذ کے لیے کوشش کرنے والے قافلے میں شامل کیا۔نبی ؐ مکمل تحریک تھے آپ کی زندگی کا ہر گوشہ اور ہر پہلو انسانیت کی عملی رہنمائی کرتا ہے ۔دعوت پر بھرپور یقین ہی داعی کو اپنی منزل تک پہنچاسکتا ہے۔