March 29th, 2024 (1445رمضان19)

قرآن کتاب انقلاب ہے ٗامت مسلمہ کو شہادت حق کے فریضہ انجام دینا ہے ۔ دردانہ صدیقی

 جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی جنرل سکریٹری دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ قرآن کتاب انقلاب ہے ،امت مسلمہ کو اسی انقلاب کے لیے شہادت حق کے فریضہ کی انجام دہی کا ذمہ دار بنایا ہے ، روزہ اور قرآن دونوں یکجا ہوکر اس مشن کی ادائیگی کے لیے تیار کرتے ہیں ۔ حضور اکرم ﷺ نے غلبہ دین کے لیے قرآن کو بنیاد بنایا ،اسکی طرف دعوت دی ،اسکی روشنی میں صحابہؓ کی تربیت کی جو رہتی دنیا تک روشنی کے مینار ہیں ،جنہوں نے بہترین طریقے سے قرآن کا نظام دنیا میں نافذ کیا اور دنیا نے عدل اور امن کی قائم کیا۔ خوشحالی کا دور دورہ کیا،باہمی اخوت و محبت ،امن و بھائی چارہ کے اعلی نمونہ پیش کیے ۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے نارتھ ناظم آباد میں دورہ تفسیر کے دوران درس دیتے ہوئے کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام عبادات سے بندگی رب کی تربیت پاکر وہ انسان دنیا میں ابھریں جو اللہ کی زمین پر اللہ کا بنایا ہوامثالی نظام قائم کریں اور بندوں کو بندوں کے ہاتھوں پہنچے ہوئے دکھوں سے نجات دلائیں ،قوموں کے عروج و زوال میں سردار ، لیڈرز ،حکمرانوں اور علماء سو کا بڑا کردار رہاہے ۔ تباہ ہونے والی اقوام کی گمراہی بھی انکے گمراہ کن لیڈرز کے ہاتھوں ہوئی یہاں تک کہ وہ عذاب الہی کا شکار ہوئیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج وطن عزیز کو ایسی ہی صالح قیادت کی ضرورت ہے جو قرآن کے نفاذ کے ذریعہ ملک کو معاشی ،معاشرتی ،سیاسی استحکام بخشے۔ الحمدللہ جماعت اسلامی پاکستان یہ قیادت رکھتی ہے ۔ خوشحال پاکستان کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیجئے ۔