March 29th, 2024 (1445رمضان19)

معاشرے کی رہنمائی کے لئے بامقصد اورمثبت فکرو نظریات کا ابلاغ ضروری ہے۔دردانہ صدیقی

 معاشرے کی رہنمائی کے لئے بامقصد اورمثبت فکرو نظریات کا ابلاغ ضروری ہے۔ذرئع ابلاغ کا درست اور مؤثر استعمال ،اخلاقی قدروں کی حفاظت اور دینی شعور معاشرے کے بگاڑ کو روکنے میں مددگار ہو سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کراچی میں منعقدہ میڈیا سیل کے رپورٹنگ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ابلاغ کے میدان میں منظم اور مستقل مزاجی کے ساتھ خیرو بھلائی کی ترویج ہماری ذمہ داری ہے اور اپنے دائرہ کار کے تعین کے ساتھ اس ذمہ داری کوادا کرناہمارا فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی غربت ،بد امنی، ،مہنگائی،کرپشن اور بجلی کے بحران نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے،ان مخدوش حالات میں جماعت اسلامی عوام کے لئے امید کی کرن ہے۔ امت مسلمہ دنیا بھر میں مصائب کا شکار ہے ، شام ،فلسطین ،کشمیر، عراق اور افغانستان پر نام نہاد جنگ مسلط کر کے مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔ شام میں کیمیائی بم حملے اور۔ننگرہار میں امریکی بم حملہ اسی کا تسلسل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان حالات میں مسلم حکمران غلبہ دین کے لئے متحد ہو جائیں۔انہوں نے ملک کے موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کو اس بحرانی کیفیت سے نکالنے کا واحد حل اسلامی اعتدال پسندوں کو اقتدار کی منتقلی ہے،ایسا نہ ہوا تو اعتدال پسندی اور انصاف پر سے عوام کا اعتماد اٹھ جائے گا اور پھر اگلا راستہ انارکی کا راستہ ہے۔مردان یونیورسٹی کا واقعہ اسکی ایک کڑی ہے۔اس وقت ہم سب کو مل کر جماعت اسلامی کو مضبوط کرنے اور پارلیمانی قوت بنانے کے لئے جدوجہد کرنی ہے جس کے لئے بیلٹ کی طاقت کو سمجھنا وقت اہم ضرورت ہے.جماعت اسلامی کی رابطہ عوام مہم کے ذریعے ہمیں عوام تک یہ بات مؤثر انداز میں پہنچانی ہے۔رپورٹنگ اجتماع کے موقع پررکن مرکزی شوری رابعہ عالم نے "زبان کی حفاظت" کے موضوع پر تذکیری گفتگو پیش کی۔اجتماع میں میڈیا سیل کی نگران عالیہ منصور،نائب نگران سعدیہ حمنہ نے میڈیا سیل کے تحت کام کرنے والے شعبہ جات اور ادارہ جات سے رپورٹ وصول کی اور ان پر تبصرے پیش کیے ۔نگران شعبہ نشر و اشاعت صائمہ افتخار ، نگران ویب سائٹ اسماء رشید،نگران روشنی میڈیا شازیہ عبدالقادر اور نگران حریم ادب عالیہ شمیم نے اپنے نائبین کے ساتھ شرکت کی۔اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل آمنہ عثمان اور ناظمہ کراچی فرحانہ اورنگزیب بھی موجود تھیں۔