April 25th, 2024 (1445شوال16)

کراچی میں بے ہنگم ٹریفک اور کچروں کے ڈھیر اب ختم ہوجانے چاہییں، فرحانہ اورنگزیب

جماعت اسلامی خواتین کراچی کی ناظمہ فرحانہ اورنگزیب نے کہا ہے کہ کراچی کی ترقی و خوشحالی پورے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے، عوام کو اپنے حقوق کے لیے اٹھنا ہوگا، امن و امان کی بدحالی، بے ہنگم ٹریفک، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں اور کچروں کے ڈھیر اب ختم ہوجانے چاہییں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رابطہ عوام مہم ’’اٹھو آگے بڑھو کراچی‘‘ کے آغاز میں خواتین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا شہری ہونے کی حیثیت سے ہر مرد اور عورت کو آگے بڑھ کر شہر کی تعمیر و ترقی میں حصہ لینا ہوگا اور معاشرے کی مثبت قوتوں کو جمع ہو کر برداشت اور رواداری کا کلچر عام کرنا ہوگا۔ خواتین اچھی تربیت کے ذریعے نوجوان نسل کو خیر کے کاموں کی طرف مائل کریں۔ فرحانہ اورنگزیب نے بجلی کی لوڈشیڈنگ شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صرف جماعت اسلامی کی دیانت دار قیادت ہی شہر کا نقشہ بدل سکتی ہے، عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ واضح رہے کہ جماعت اسلامی کی رابطہ عوام مہم شروع ہوچکی ہے اور پورے ملک کی طرح کراچی میں بھی خواتین کارکنان گھر گھر جا کر جماعت اسلمای کی دعوت پہنچ رہی ہیں۔